مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ کُرم شاہراہ کو محفوظ بنانے کے لیے 400 پولیس اہلکار بھرتی کیے جا رہے ہیں۔
جیو نیوز کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کُرم سے مریض، طلبہ اور بیرون ملک جانے والے افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کیا گیا، کُرم میں امن کے لیے جرگہ جاری ہے ایک فریق نے دو دن کا وقت مانگا تھا۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ کُرم میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ادویات پہنچائی گئیں اور مزید بھی پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایپکس کمیٹی کی میٹنگ کے فیصلوں کی کابینہ اجلاس میں توثیق کی گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بیرسٹر محمد علی سیف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کے پی حکومت نے پارا چنار روڈ محفوظ بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، اُمید ہے کہ فریقین میں بہت جَلد امن معاہدے پر اتفاق ہو جائے گا۔
بیرسٹرسیف نے کہا تھا کہ پارا چنار روڈ کے لیے 399 اسپیشل پولیس فورس کے قیام کی منظوری دی ہے، کُرم کے متاثرہ علاقوں میں پولیس چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی، کرم کو بنکرز اور اسلحے سے صاف کیا جائے گا۔