وفاقی کابینہ نے مدارس رجسٹریشن ترمیمی آرڈیننس سمیت دو صدارتی آرڈیننسز کی منظوری دے دی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں مدارس رجسٹریشن کے حوالے سے سوسائیٹیز رجسٹریشن ایکٹ 1860 میں ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ میں انکم ٹیکس آرڈیننس 2024 میں بینکنگ کمپنیز کے متعلق ترامیم منظور کرلیں۔
وفاقی کابینہ نے کاربن مارکیٹ میں تجارت کے متعلق پالیسی گائیڈ لائینز کی منظوری دے دی۔
اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو انشورنس ٹریبونل کے اضافی اختیارات تفویض کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا، ایک ہفتے کے اندر انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کے سدباب کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں سوال کیا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے سہولت کار سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک جانے والے تمام افراد کے لیے ویزا کی جانچ پڑتال اور دیگر قواعد و ضوابط کو مؤثر بنایا جائے، حکومت پاکستان ملک سے انسانی اسمگلنگ کے مکمل خاتمے کےلیے پرعزم ہے۔