• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈ اتھارٹی کی آپریشن ٹیموں کا 9 ملک شاپس سمیت متعدد مراکز کو جرمانہ

کوئٹہ(خ ن) ملاوٹی دودھ اور غیر معیاری اشیاء خوردونوش کی فروخت پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی آپریشن ٹیموں نے کریک ڈاؤن کے دوران 9 ملک شاپس سمیت متعدد مراکز پر جرمانے عائد کردئیے ۔ دکانوں سے برآمد شدہ ملاوٹی دودھ اور دہی کی بڑی مقدار کو موقع پر تلف کرتے ہوئے دکانداروں کو خبردار کیا گیا کہ وہ ملاوٹ کا مکروہ دھندہ ترک کر دیں بصورت دیگر ان کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق جرمانہ کئے گئے دیگر مراکز میں ہوٹلز، بیکریاں،جنرل اسٹورز ، خوردنی اشیاء کے ہولسیلرز اور پکوان ہاؤس شامل تھے ۔ قبل ازیں دودھ اور دہی کے معیار کی جانچ کیلئے ملک شاپس اور ہوٹلوں سے نمونے لیکر موبائل لیبارٹری کی جدید مشینوں کے ذریعے موقع پر ٹیسٹ کئے گئے ۔علاوہ ازیں کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران جنرل اسٹورز اور ہول سیل ٹریڈرز کے خلاف ایکسپائر اور ممنوعہ اشیاء کی فروخت پر کارروائی کی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی عتیق اللہ خان کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ ملاوٹ شدہ دودھ ، دہی اور غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی ۔انہوں نے عوام سے اپیل کیکہ وہ غیر معیاری اشیاء کی اطلاع فوری طور پر اتھارٹی حکام کو دیں تاکہ صحت دشمن عناصر کے خلاف بروقت اور سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔