کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل اور سابق رکن قومی اسمبلی آغا سید محمود شاہ نے کہا ہےکہ پسنی فش ہاربر کے ملازمین کی چھ ماہ سے تنخواہوں کی بندش اور ان کے الاؤنسز ختم کرنا سراسر ظلم اور ناانصافی ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ملازمین اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے مشکلات کا شکار ہیں اور ان کے اہل خانہ کے لیے زندگی گزارنا مشکل ہوگئی ہے۔انہوں نے سیکرٹری فشریز سے مطالبہ کیا کہ پسنی فش ہاربر کے ملازمین کی چھ ماہ کی تنخواہیں جلد ادا کی جائیں اور مستقبل میں ان کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے تاکہ یہ ملازمین دیگر محکموں کے ملازمین کی طرح عزت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا سکیں۔آغا محمود شاہ نے مزید کہا کہ ملازمین کی حقوق کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے اور انہیں معاشی مسائل سے نکالنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو ہم اس کے خلاف بھرپور احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔