• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: جعلسازی سے پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے والی 3 بنگلادیشی خواتین گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے جعلسازی سے پاکستانی دستاویزات اور شناختی کارڈ بنوانے کے مقدمے میں مفرور تین بنگلادیشی خواتین کو گلشنِ اقبال کراچی سے گرفتار کرلیا۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزمان عائشہ ناز، حنا ناز اور افشاں ناز کا تعلق بنگلادیش سے ہے۔ ملزمان سال 2022 سے جعلسازی کے مقدمہ میں مطلوب تھیں۔ ملزمان نے غیر ملکی ہونے کے باوجود پاکستانی قومی شناختی کارڈ حاصل کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے جعل سازی سے قومی شناختی کارڈز حاصل کیے۔ ملزمان نے ایجنٹ کی مدد سے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی حاصل کیے۔

حکام نے بتایا کہ ملزمان کو سیکریٹری یونین کونسل، رضویہ سوسائٹی، لیاقت آباد ٹاؤن نے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیے۔ ملزمان نے مذکورہ دستاویزات کی بدولت شناختی کارڈ حاصل کیے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ملزمان کی سہولتکاری میں ملوث عناصر کے خلاف بھی تحقیقات کو وسیع کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اہلکاروں کے ملوث ہونے کا تعین دوران تفتیش کیا جائے گا۔ ملزمان کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

قومی خبریں سے مزید