انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبر پختونخوا اختر حیات خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ بزدلانہ حملے پولیس کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔
پشاور میں جیونیوز سے گفتگو میں اختر حیات خان گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بنوں ٹاؤن شپ حیات روڈ پر پولیس اہلکاروں پر دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ بنوں میں فائرنگ کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا، پولیس نے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی جی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ بنوں پولیس دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے، جس نے بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ بزدلانہ حملے پولیس کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔