• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم خیبر پختونخوا، بلوچستان میں دہشتگردی کے ذمے دار کو جانتے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ہم جانتے ہیں خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کا ذمہ دار اور سپورٹر کون ہے۔

لاہور میں سیمینار سے خطاب میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جو کچھ بھارت نہیں کر سکا، وہ ان لوگوں نے کردیا، ایسے لوگ پاکستانی نہیں معاشرے کو ان کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی میں جو کچھ ہوا فوجی تنصیبات کے سوا کہیں یہ واقعات نہیں ہوئے، جو سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں ان پر حملہ کرکے دشمن کا مقصد پورا کیا گیا۔

سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ پوچھتا ہوں کیا پہلی بار کسی کو ملٹری کورٹ سے سزائیں ہوئی ہیں؟ بتایا جائے کہ کیا ان لوگوں نے غزہ اور کشمیر میں مظالم پر کبھی بات کی؟

اُن کا کہنا تھا کہ تلخیاں اپنی جگہ بات چیت ہونی چاہیے، شہباز شریف نے مذاکرات کی اجازت دی، میرا کام ان کو بیٹھانا اور مذاکرات کرانا ہے، بات کیا کرنی ہے یہ حکومت اور اپوزیشن کا کام ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ خواجہ آصف اور سعد رفیق کو قید میں وہ سہولتیں نہیں ملتی تھیں جو بطور رکن اسمبلی ملنی چاہیے تھیں، دونوں کے پروڈکشن آرڈر بھی جاری نہیں ہوتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ارکان نے سسٹم کے چلنے کےلیے یہ ناانصافیاں برداشت کیں جبکہ ہم نے اپوزیشن ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے بات کرنے پر کوئی روک ٹوک نہیں، اپنے مسائل پر ضرور بات کریں لیکن عوام کے مسائل پر بھی تو بات کیجیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن مسائل اور ایشوز پر بات کرے تو اسمبلی فعال ہوسکتی ہے، مذاکراتی ٹیم سے درخواست ہے کہ چارٹر آف اکانومی پر بھی بات کریں۔

قومی خبریں سے مزید