چیئرمین علما کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان علما کونسل اپنی پگڑیاں کرم میں دونوں فریقوں کے قدموں پر رکھنے کو تیار ہے، کراچی سمیت جہاں جہاں راستے بند ہیں وہ کھولے جائیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ کرم مسئلے کے حل میں تمام علما کرام کردار ادا کر رہے ہیں، سب مل کر بیٹھیں مسئلے کو بگاڑنے کی بجائے سدھاریں، مسئلے کے حل کےلیے تمام مکاتب فکر سے بات کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرم کےلیے پورا ملک پریشان ہے، اسے حل ہونا چاہیے، وطن کے دفاع کیلئے مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کہا کہ مدارس رجسٹریشن کا مسئلہ بخوبی حل ہوگیا ہے، جو مدارس وزارت تعلیم سے الحاق چاہتے تھے ان کا بھی مطالبہ پورا ہوگیا، جن کا مطالبہ وزارت صنعت سے الحاق کا تھا ان کا مطالبہ بھی پورا ہوگیا۔
علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ہماری حکومت نے اسرائیلی وزیر کے بیان پر ردعمل دیا ہے مگر زیادہ کی ضرورت ہے، فلسطینیوں کےلیے پاکستان زیادہ سے زیادہ خیمے فراہم کرے، پاکستان ہماری سرزمین اور افغانستان ہمارا بھائی ہے۔