• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ایک آزاد اورخود مختار ریاست ہے جس کا اپنا آئین اور قانون ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ارباب اقتدار کی غلامانہ اور مفلوج سوچ نے ملک کو بحرانوں میں مبتلا کر دیا ہے۔ ملک و قوم کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو حقیقی معنوں میں محب وطن اور عوام کی ترجمان ہو ۔ملک میں دن بدن کرپشن بڑھتی جا رہی ہے۔اس وقت چونسٹھ فیصد غریب شہری اپنے جائز کام کروانے کیلئے بھی رشوت کا سہارا لینے پر مجبور ہیں۔ پاکستان کی 76سالہ تاریخ گواہ ہے کہ وطن عزیز میں کرپشن کی جڑیں روزِ اول سے ہیں جو وقت کیساتھ اب مضبوط ہو چکی ہیں اور یہ قومی وجود کو دن بدن دیمک کی طرح کھا رہی ہے۔کرپشن ایک ایسا عفریت ہے جو کسی ریاست کے نظم حکمرانی اور معاشرتی ڈھانچے کو تہہ وبالا کرنے کا باعث بنتی ہے۔ امر واقعہ ہے کہ وطن عزیز پاکستان میں داخلی انتشار، افراتفری اور سیاسی عدم استحکام نے ملک کونا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔اس وقت حکومت کے بیرونی قرضوں میں مجموعی طور پر 3ہزار 919ارب روپے کا مزید اضافہ ہو گیا ہے مگر دوسری طرف حکومت جھوٹے دعووں کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔معیشت کی بحالی موجودہ پالیسیوں سے ممکن نہیں لگتی ۔طرفاتماشا یہ ہے کہ پنجاب میں رواں سال گندم کی کاشت کا ہدف ساڑھے 16 ملین ایکڑ کا تھا مگر صرف 12 ملین ایکڑ رقبے پر گندم کی فصل کی کاشت ہوئی ہے۔اس وقت پاکستان میں بجلی کی قیمت خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں دگنی ہے، اگر بجلی کی قیمت 9 سینٹ فی یونٹ ہوجائے تو ٹیکسٹائل ایکسپورٹ چند سالوں میں دگنی ہوسکتی ہے۔ اسٹیٹ بینک کوشرح سود میں کمی کے لئے فوری اقدامات کرنا چاہئیں۔ ایشیائی ترقیاتی بینک سے33کروڑ ڈالر قرض کا حصول بھی ملکی معیشت کو مزید مشکلات سے دوچار کرے گا۔المیہ یہ ہے کہ حکومت نے قرضوں کے پہاڑ کھڑے کر دیئے ہیں۔ عوام کی فلاح و بہبود کے نام پر وصول کیا جانے والا قرض درحقیقت اشرافیہ کے اللوں تللوں اور پروٹوکول پر خرچ ہو جاتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ آج ملک کے اندر ہر پاکستانی تین لاکھ روپے کا مقروض ہو چکا ہے۔ آج پاکستان کو جن مسائل کا سامناہے ان میں کمزور معیشت، دہشت گردی، سیاسی عدم استحکام اور باہمی اتحاد ویگانگت کی کمی جیسے مسائل اہم ترین ہیں۔ستم ظریفی یہ ہے کہ قرض اتارنے کیلئے مزید قرض لینا پڑرہاہے، آئے دن بجلی، گیس اور تیل کے نرخ بھی بڑھائے جاتے ہیں جس نے عام آدمی کا جینا دوبھرکردیاہے۔حقیقت یہ ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابرہے جبکہ تجارتی خسارہ بھی بڑھتا چلاجارہاہے، ترقی کی شرح خطرناک حد تک کم ہوگئی ہے جبکہ کاروبار انتہائی سست روی کا شکارہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہمارے ارباب اقتدار ایسی پالیسیاں مرتب کریں جن سے ملک و قوم کی عز ت و وقار میں اضافہ ہو۔ امریکہ سمیت دنیا کے کسی بھی ملک کے ساتھ تعلقات کو برابری کی سطح پر استوار کرنے کے لئے ہمیں کشکول لے کر دنیا میں گھومنے کا سلسلہ ختم کرنا ہوگا۔مقام افسوس ہے کہ ہمارے بیشتر حکمرانوں نے کفایت شعاری کی بجائےقوم کو بھکاری کا تشخص دیکر پوری دنیا میں رسوا کر دیا ہے۔ لمحہ فکریہ ہے کہ بنگلہ دیش، بھارت سمیت چین، جنوبی کوریا، ملائشیا، جنوبی افریقہ جیسے ممالک جو ہمارے بعد آزاد ہوئے وہ ہم سے کہیں زیادہ ترقی یافتہ ہیں۔ پاکستان خطے کا سب سے مہنگا ترین ملک بن چکا ہے عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے اشیاخوردونوش کی قیمتوں میں ہوشر با اضافے کے بعد ہر چیز قوت خرید سے باہر ہو گئی ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت مراعات یافتہ طبقے کی حکومت ہے، جسے مافیاز نے چاروں اطراف سے گھیرا ہوا ہے۔اب کسانوں کا معاشی قتل عام کر کے زراعت کو بھی تباہ و برباد کیاجارہاہے۔ کاشتکار شدیدپریشان ہیں انھیں فصلوں کے سرکاری ریٹ نہیں دیئے جا رہے۔سرکاری محکموں کی صورتحال بھی دگرگوں ہے۔2014ءسے ابتک مجموعی طور پر اداروں کو 5900ارب روپے کا نقصان پہنچ چکا ہے۔سرکاری ادارے تباہی کی طرف بڑھ رہے ہیں جب کہ حکمران صرف اقتدار کو انجوائے کرنے میں مصروف ہیں۔ بد قسمتی سے ملک کے اندر مافیاز اور اشرافیہ کے سوا کوئی ایک طبقہ بھی ایسا نہیں جو خوشحال ہے۔ ہمارے حکمرانوں کو ملک میں مہنگائی بدامنی، بیروزگاری اورسیاسی ومعاشی عدم استحکام ختم کرنے کی فکرکرنی چاہئے۔ملک اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے نہ امن وامان ہے اور نہ بنیادی سہولیات، معیشت کی صورتحال بھی بہت خراب ہے۔ان حالات میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے مزید ٹیکس لگانے کے بیان سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ آئندہ تین برسوں میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح 10.3سے بڑھا کر 13.5فیصد تک لے جانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ جس سے ثابت ہوتا کہ حکومت قوم کے ساتھ جھوٹ بول رہی ہے۔ حکومت کو ٹیکسوں کی شرح بڑھانے کی بجائے ملک میں بڑے ٹیکس نا دہندگان کو ٹارگٹ کرنا چاہئے نا کہ وہ مسلسل غریبوں پر ہی بوجھ ڈالتی جائے۔

تازہ ترین