• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: جیرمی کوربن اور زارہ سلطانہ نے نئی سیاسی جماعت قائم کرلی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

سابق لیبر رہنما جیرمی کوربن نے اعلان کیا ہے کہ وہ سابق لیبر رکن پارلیمنٹ زارہ سلطانہ کے ہمراہ ایک نئی سیاسی جماعت قائم کر رہے ہیں جس کا نام عارضی طور پر’یئور پارٹی (Your Party)‘ رکھا گیا ہے۔ 

جیرمی کوربن اور زارہ سلطانہ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ یہ نظام بگڑا ہوا ہے، جب دنیا کے چھٹے امیر ترین ملک میں 45 لاکھ بچے غربت میں زندگی گزار رہے ہوں، جب بڑی کمپنیاں مہنگائی سے فائدہ اٹھا کر منافع سمیٹ رہی ہوں، جب حکومت غریبوں کے لیے وسائل کی کمی کا بہانہ کرے لیکن جنگوں پر اربوں خرچ کرے تو اس کا مطلب ہے کہ یہ نظام انصاف پر نہیں بلکہ استحصال پر کھڑا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہمارے معاشرتی بحرانوں کا حل صرف اس وقت ممکن ہے جب دولت اور طاقت کی وسیع پیمانے پر از سر نو تقسیم ہو یعنی امراء پر مؤثر ٹیکس لاگو کیا جائے اور حفظانِ صحت کی سہولت، توانائی، پانی، ریل اور ڈاک کے شعبے کو عوامی تحویل میں لایا جائے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکاری گھروں کی بڑے پیمانے پر تعمیر اور ماحولیاتی تباہی پھیلانے والی کمپنیوں کو روکنا بھی ضروری ہے۔

جیرمی کوربن اور زارہ سلطانہ نے فلسطین کے حق میں بھی اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ ہم جنگی جرائم میں حکومت کے ملوث ہونے پر احتجاج کا حق ہر صورت میں محفوظ رکھیں گے۔

اُنہوں نے بیان میں مزید کہا کہ تمام انسانی جانوں کی یکساں قدر پر ہمارا یقین ہے اور اسی بنیاد پر ہم اسرائیل کو اسلحہ کی فروخت بند کرنے اور آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ جاری رکھیں گے۔

جیرمی کوربن اور زارہ سلطانہ نے بیان میں کہا کہ نئی سیاسی تحریک تمام مذاہب اور برادریوں کے لوگوں پر مشتمل ہوگی۔

اُنہوں نے بیان میں کہا کہ پناہ گزینوں یا تارکین وطن کو معاشرتی مسائل کا سبب قرار دینے والے عناصر دراصل اصل معاشی حقائق سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔

جیرمی کوربن اور زارہ سلطانہ نے بیان میں مزید کہا کہ یہ وقت ایک ایسی نئی قسم کی سیاسی جماعت کا ہے جو ہماری برادریوں، ٹریڈ یونینز اور سماجی تحریکوں میں جڑی ہو، ہر خطے اور قوم میں طاقت پیدا کرے اور جو عوام کی ہو۔

اُنہوں نے بیان میں یہ بھی بتایا کہ جلد ہی اس نئی جماعت کی ابتدائی کانفرنس منعقد کی جائے گی جبکہ جماعت کی ویب سائٹ پر ابھی عطیات وصول کیے جا رہے ہیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید