کینیڈا میں پاکستان کے نئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
محمد سلیم نے 1995 میں محکمہ خارجہ جوائن کیا اور وزارتِ خارجہ اسلام آباد میں مختلف عہدوں پر فائز رہے۔
انہوں نے جرمنی، رومانیہ، بحرین اور کینیڈا میں قائم پاکستانی سفارت خانوں میں بھی خدمات انجام دیں جبکہ تنزانیہ میں 2020 سے 2022 تک ہائی کمشنر آف پاکستان کے عہدہ پر بھی فائز رہے۔
نئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور کینیڈا کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی، اقتصادی، سرمایہ کاری، تجارت، اعلیٰ تعلیم، ثقافتی تبادلے اور عوام سے عوام کے رابطوں پر توجہ ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نے مختلف سوالوں کے جواب میں کہا کہ کینیڈا میں چار لاکھ پاکستانی آباد ہیں۔ سب پڑھے لکھے امیگرنٹس ہیں، ہمیں کینیڈا اور پاکستان کے درمیان پُل کا کردار ادا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا پاکستانی کمیونٹی کے لئے پیغام ہے کہ چھوٹی چھوٹی سیاسی گروہ بندیوں کی بجائے متحد ہوں، پاکستان ہماری شناخت ہے۔