وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان اونچی اڑان کے لیے ٹیک آف کر چکا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے جامع روڈ میپ ’اڑان پاکستان‘ کا خیر مقدم کرتے ہیں، وزیرِ اعظم اور ان کی ٹیم کو ڈیولپمنٹ روڈ میپ پیش کرنے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ثابت ہو گیا ترقی صرف مسلم لیگ ن کی ترجیح ہے، پاکستان نواز شریف کے وژن کے مطابق معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ، انوائرمنٹ، انرجی اور ایکویٹی پر مشتمل ’فائیو-ای‘ وژن قابلِ تحسین ہے، معیشت مستحکم ہو رہی ہے اب سماجی ترقی کی طرف توجہ دینا ہو گی۔
مریم نواز نے کہا کہ قومی ترقی کی راہ میں حائل ہونے والوں کو اب قوم برداشت نہیں کرے گی، ملکی اڑان میں حائل ہونے والے اصل میں عوام کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاپولیشن پوٹینشل اور میسر وسائل کا بہتر استعمال ناگزیر ہے۔