نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ مہنگائی 5 فیصد کے قریب آ گئی ہے، اس ماہ 5 فیصد سے کم نمبر آئے ہیں، ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2024ء میں عوام نے ن لیگ کو مینڈیٹ دیا، وزیرِ اعظم نے اڑان پاکستان کا پروگرام شیئر کیا ہے، انہوں نے 31 دسمبر کو معاشی پلان دیا ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ہر ہفتے مہنگائی کا جو طوفان تھا وہ اب نہیں ہے، عوام پر بجلی کا بوجھ زیادہ تھا، اس کی متعدد وجوہات تھیں، وزیرِ اعظم نے بجلی میں بھی عوام کو ریلیف دیا ہے۔
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ سال ڈیڑھ سال پہلے بات ہو رہی تھی کہ سفارتی تنہائی کا شکار ہیں، سفارتی تنہائی ہوا میں اڑ چکی ہے، ایکسپورٹس بھی اچھا ٹرینڈ شو کر رہی ہیں، آئی ٹی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم نے 200 یونٹ اور پنجاب میں 500 یونٹ تک کا ریلیف دیا، فارن آفس آ کر کہا تھا کہ اب اکنامی ڈپلومیسی بھی کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سوچا کہ معمول کی ہفتہ وار بریفنگ میں بھی چند منٹ کے لیے شریک ہو جاؤں، ترجمان کا دفتر بڑے اچھے طریقے سے مینج کیا جا رہا ہے۔
نائب وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ ممتاز زہرہ کو پیشہ وارانہ خدمات کے پیشِ نظر فرانس کا سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ شفقت صاحب کو ترجمان دفترِ خارجہ مقرر کیا ہے، وزارتِ خارجہ تمام سطح پر اپنی ذمے داریاں نبھا رہی ہے۔