• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیبیا کشتی حادثے کے ملزم سمیت 2 انسانی اسمگلرز گرفتار

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اسلام آباد زون کی جانب سے کی گئی کارروائیوں کے دوران لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ملزم سمیت 2 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ملزمان کی شناخت اظہر اقبال اور محمد افضال کے نام سے ہوئی ہے، ملزم اظہر اقبال لیبیا کشتی حادثے میں ملوث پایا گیا ہے۔

ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں عثمان پورہ گجرات سے گرفتار کیا گیا، ملزم سادہ لوح شہریوں کو بیرونِ ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث پایا گیا ہے، ملزم نے شہری کو غیر قانونی طور پر یورپ براستہ لیبیا بھجوانے کے لیے لاکھوں روپے وصول کیے، کشتی حادثے میں مذکورہ شہری کی موت واقع ہوئی تھی۔

ایف آئی اے نے دوسری کارروائی میں ملزم محمد افضال کو محلہ امر پورہ، راولپنڈی سے گرفتار کیا ہے، ملزم بھاری رقوم وصول کر کے معصوم شہریوں کو یورپی ممالک، دبئی اور کینیڈا کے جعلی ویزے فراہم کرتا تھا۔

ملزم گزشتہ 6 سال سے اسلام آباد زون کو مطلوب تھا، ملزم کے خلاف اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد میں سال 2019ء میں مقدمہ درج ہوا تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم لاہور میں بھی انسانی اسمگلنگ کا منظم نیٹ ورک چلاتا رہا ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ملزم ویزا فراڈ کر کے روپوش ہو جاتا تھا اور دوسرے شہروں سے آپریٹ کرنے لگتا تھا، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید