• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی صنعتوں کو گلوبل سپلائی چین کا حصہ بنانے کے اقدامات کی ضرورت ہے،وزیراعظم


وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی صنعتوں کو گلوبل سپلائی چین کا حصہ بنانے کےلیے اقدامات کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سمیڈا کے بورڈ کی تشکیل ہوچکی ہے، بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیا جا رہا ہے۔

بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ ایس ایم ایز سیکٹر کی ترقی کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے عمل کا آغاز ہوگیا، اسٹیئرنگ کمیٹی میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹریز شامل ہے۔

بریفنگ میں یہ بھی کہا کہ اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو ایس ایم ایز کو قرض دینے کےلیے فارمز مزید آسان بنانے کی ہدایت کی ہے، وزارت صنعت و پیداوار نے ایس ایم ایز سیکٹر کی ترقی کےلیے صوبائی حکومتوں سے رابطے بہتر بنائے۔

اجلاس کے شرکاء کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں نے اس حوالے سے جامع لائحہ عمل تیار کر لیا ہے، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کی حکومتیں حکمت عملی پر کام کر رہی ہیں۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں موجود ایس ایم ایز کا ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے۔

دوران اجلاس وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، حکومت ان کاروباروں کی سہولیات کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی صنعتوں کو گلوبل سپلائی چین کا حصہ بنانے کےلیے اقدامات کی ضرورت ہے، ایس ایم ایز کی ترقی کے حوالے سے وفاق اور تمام صوبوں کو مل کر کام کریں۔

قومی خبریں سے مزید