اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار) وزیر اعظم کی ہدایت پر کشتی حادثات میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں، 2023 ء لیبیا کشتی حادثے میں ایف آئی اے 144 ملزمان گرفتار کر چکی ہے۔ گرفتار ملزمان میں ریڈ بک کے انتہائی مطلوب اسمگلرز سمیت 16 اشتہاری بھی شامل ہیں۔ایف آئی اے ترجمان کے مطابق لیبیا کشتی حادثے میں ایف آئی اے نے مجموعی طور پر 197 مقدمات درج کئے،کشتی حادثے میں ملوث 55 ملزمان کے پاسپورٹ بلیک لسٹ کئے گئے۔ انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی ایجنٹوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کر کے انٹرپول کی مدد سے بیرون ملک مقیم انسانی سمگلروں کی گرفتاریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹوں کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹسز جاری کئے گئے۔ ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے ہدایت کی ہے کہ کشتی حادثے میں ملوث ایجنٹوں کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔