راولپنڈی کی سینٹرل اڈیالہ جیل کی خصوصی عدالت نے توشۂ خانہ کیس ٹو پر سماعت 6 جنوری تک ملتوی کر دی۔
اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کیس پر سماعت کی۔
کیس پر کارروائی کے لیے بانیٔ پی ٹی آئی کو کمرۂ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی بھی اڈیالہ جیل پہنچیں۔
بشریٰ بی بی کے وکیل کی عدم موجودگی پر گواہ کا نہ بیان ریکارڈ ہو سکا، نہ جرح ہو سکی۔
وکیل قوسین مفتی نے عدالت کو بتایا کہ ارشد تبریز بیماری کے باعث آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکے، پہلے ارشد تبریز اپنی جرح مکمل کریں گے اس کے بعد ہم اپنی جرح کا آغاز کریں گے۔
پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل کے مؤقف کی مخالفت کی گئی۔
بعد ازاں عدالت نے مقدمے کی کارروائی بغیر کسی پیشرفت کے 6 جنوری تک ملتوی کر دی۔