وزیرِ سماجی بہبود خیبر پختون خوا قاسم علی شاہ اختیارات کے مبینہ غلط استعمال اور کرپشن کے الزامات پر پی ٹی آئی کی احتساب کمیٹی کے سامنے پیش ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق احتساب کمیٹی کی جانب سے الزامات کا تحریری مسودہ صوبائی وزیر کے سامنے رکھا گیا ہے۔
مسودے کے مطابق کمیٹی کو قاسم علی شاہ کے خلاف بحیثیت وزیر سماجی بہبود اور صحت شکایات موصول ہوئی ہیں۔
قاسم علی شاہ سے 6 ماہ قبل محکمۂ صحت کا قلمدان واپس لے کر انہیں سماجی بہبود کا قلمدان دیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی انٹرنل اکاؤنٹیبلیٹی کمیٹی کے رکن قاضی انور ایڈووکیٹ نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کے دوران بتایا کہ صوبائی وزیر قاسم علی شاہ کے خلاف شکایات موصول ہوئیں تو انہیں طلب کیا گیا۔
قاضی انور ایڈووکیٹ کے مطابق قاسم علی شاہ اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا تحریری جواب جمع کروائیں گے، کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو روکنے کے لیے بانیٔ پی ٹی آئی نے کمیٹی بنائی ہے۔