یوزویندر چہل اور دھناشری ورما کے درمیان علیحدگی کے بعد افواہیں زیر گردش ہیں کہ آر جے مہوش یوزویندر چہل کو کچھ عرصے سے ڈیٹ کر رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریڈیو جوکی، فلم پروڈیوسر اور کنٹینٹ کریئٹر آر جے مہوش کو کئی بار اسٹار کرکٹر کے ساتھ دیکھا گیا، جس کی وجہ سے ان کے تعلقات کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
حال ہی میں آر جے مہوش نے لکھنؤ میں ایک سوئمنگ پول میں لی گئی اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں انہیں کھیلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ یوزویندر چہل بھی حال ہی میں پنجاب کنگز اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے درمیان آئی پی ایل میچ کےلیے لکھنؤ میں موجود تھے۔
ایک ریڈٹ صارف نے فوراً یہ اندازہ لگا لیا کہ وہ دونوں ایک ساتھ لکھنؤ میں تھے۔ ایک اور صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ اسے کب تک جھٹلاتے رہیں گے؟‘‘
بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل اور ادکارہ و کوریوگرافرا دھناشری ورما نے دسمبر 2020 میں گرگاؤں میں شادی کی اور سوشل میڈیا پر جلد ہی مداحوں کی پسندیدہ جوڑی بن گئے۔
فروری 2025 میں انہیں باندرہ فیملی کورٹ کے باہر دیکھا گیا، جہاں انہوں نے باہمی رضامندی سے طلاق کےلیے درخواست دائر کی۔
انہوں نے چھ ماہ کی کولنگ آف مدت کے استثنیٰ کی بھی درخواست کی، لیکن عدالت نے اسے مسترد کردیا۔
18 ماہ تک علیحدہ رہنے کے بعد یوزویندر اور دھناشری نے 20 مارچ 2025 کو باضابطہ طور پر اپنی راہیں جدا کر لیں۔
رپورٹس کے مطابق یوزویندر چہل نے دھناشری ورما کو 4.75 کروڑ روپے بطور گزارہ الاؤنس ادا کیے۔
حال ہی میں دھناشری نے اپنے نئے میوزک ویڈیو ’’دیکھا جی دیکھا میں نے‘‘ کی ایک جھلک انسٹاگرام پر شیئر کی۔ لیکن گانے پر توجہ دینے کے بجائے، کئی صارفین نے تبصروں میں انہیں ٹرول کرنا شروع کر دیا۔
انہوں نے گزارہ الاؤنس کا ذکر کرتے ہوئے دھناشری کو ’’گولڈ ڈِگر‘‘ کہہ کر تنقید کا نشانہ بنایا۔