کراچی ایئرپورٹ پر جنرل ایوی ایشن ایریا (شہری ہوابازی) کے ہینگرز میں کتوں کی بہتات ہوگئی ہے۔ آوارہ کتوں کا آزادانہ گشت فلائٹ سیفٹی کے لیے خطرہ بن گیا۔
جنرل ایوی ایشن ایریا میں تربیتی طیاروں کی آمدورفت تسلسل سے جاری رہتی ہے، کتوں کا آزادانہ مٹر گشت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔
آوارہ کتوں کی بہتات کے سبب جمعہ کی شام ایک آوارہ کتا طیارے سے ٹکرانے سے بال بال بچ گیا، شہری ہوابازی ہینگر سے روانہ ہونے والی پرواز حادثے کے اندیشے کے سبب منسوخ کرنا پڑی۔
اس سے قبل جناح ٹرمینل کے مرکزی رن وے کے اطراف میں بھی آوارہ کتے دیکھے گئے۔ شہری ہوابازی کے ہینگر میں آوارہ جانوروں کے علاوہ فارن آبجیکٹ ڈیبریز (FOD) بھی خطرہ بن چکا ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق چھوٹے ساخت کے تربیتی اور چارٹر طیاروں کو رن وے تک ٹیکسی وے کے دوران زمین پر موجود مختلف چیزوں سے دشواری کا سامنا رہتا ہے۔
لوہے اور دیگر ٹھوس شکل میں موجود ان چیزوں کی وجہ سے طیاروں کے ٹائر پھٹنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ ٹائر پھٹنے کے سبب پرواز کی منسوخی اور ٹائر کی تبدیلی کی وجہ سے لاکھوں روپے کا نقصان پہنچتا ہے۔