حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ایم کیو ایم ڈسٹر کٹ آرگنائزر سراج راجپوت و اراکین آرگنائزنگ کمیٹی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ریاستی طاقت کے زور پر الطاف حسین کو مائنس کرنے والی قوتیں ہوش میں آئیں اور قانون قدرت سے ڈریں، ایم کیو ایم کے کارکنوں کو اچھی طرح یاد ہے کہ 1992ءمیں بھی پس پردہ قوتوں کی جانب سے الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں کےخلاف جھوٹے اور سنگین الزامات لگائے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھرکراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے نام پر ایم کیو ایم کے کارکنان پر ریاستی ظلم و جبر اوربدترین مظالم ڈھائے جارہے ہیں جو انسانی حقوق کی کھلی خلاف وزری ہے، ایمنسٹی انٹر نیشنل اس انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر سختی سےنوٹس لے، انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو ریاستی ظلم وستم اور مظالم کا شکار بنا کر مہاجر قوم پر ضمیر فروش ٹولے کو مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جسے عوام ماضی کی طرح ایک بار پھر مسترد کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن میں معصوم اور بے گناہ ایم کیو ایم کے کارکنان کو گرفتاری کے بعد لاپتہ کرنا اور وفاداران الطاف حسین کو ریاستی طاقت کے زور پر جبری وفاداریاں تبدیل کرانا جمہوریت کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکن اور حق پرست عوام قائد تحریک کے خلاف باطل قوتوں کی گھناؤنی سازشوں کو اپنے اتحاد سے ناکام بنا دینگے۔