لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت اب زیادہ دیر فوج کے بل بوتے پرکشمیر پر قابض نہیں رہ سکتا۔اسے بہت جلد کشمیر سے نکلنا پڑے گا۔کشمیر ی قوم اپنا سب کچھ آزادی پر قربان کرنے کیلئے اٹھ کھڑی ہوئی ہے ،حکومت پاکستان کو بھی اب کشمیر یا بھارت میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔29جولائی کی کشمیر پر آل پارٹیز کانفرنس میں پاکستانی قوم کی طرف سے کشمیری بھائیوں کوحمایت کاواضح پیغام دیں گے ۔ نیب میں سیاسی بنیادوں پر ہونے والی تقرریاں، لٹیروں کے حوصلے بڑھاتی ہیں ۔کرپشن پر قابو پانے کیلئے الیکشن کمیشن کے ساتھ ساتھ نیب اور احتساب کے دیگر اداروں کو غیر جانبدار بنانا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےنوشہرہ میں جامع مسجد خیر آبادمیں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر میں بہنے والا خون عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے میں ضرور کامیاب ہوگا،بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کا پرندوں کی طرح شکار کررہی ہے اور جس طرح معصوم بچوں اور خواتین کو خون میں نہلا رہی ہے اس پر حکومت پاکستان کو اقوام متحدہ اور عالمی اداروں سے رجوع کرکے شدید احتجاج کرنا چاہئے تھا اور کشمیریوں پر ہونے والے وحشیانہ مظالم کے خلاف عالمی اداروں میں آواز بلند کرنی چاہئے تھی مگر حکومت پاکستان محض روایتی مذمتی بیانا ت دیکر اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآءہوجاتی ہے اور حکمران سمجھتے ہیں کہ ہم نے کشمیر یوں کے ساتھ ہمدردی اور اظہار یکجہتی کا حق ادا کردیاہے ۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت پانامہ لیکس سمیت منظر عام پر آنے والے لوٹ کھسوٹ کے داغ باتوں سے دھونے کی کوشش کررہی ہے مگر عوام کے اندر پایا جانے والا اضطراب اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ عوام اب حکمرانوں کی کرپشن پر خاموش نہیں رہیں گے ۔حکمرانوں سمیت موجودہ و سابقہ لٹیروں کو احتساب کے کٹہرے میں آنا پڑے گا۔ علاوہ ازیں سینیٹر سراج الحق نے اقوام متحدہ ، اقوام عالم اور عالمی اداروں کی توجہ ، ایک کروڑ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت ، مسئلہ کشمیر پر قومی موقف کے احیا اور مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کے لیے قومی قیادت اور آزاد و مقبوضہ کشمیر کے قائدین کی آل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے ۔ یہ کانفرنس 29 جولائی کو 3 بجے سہ پہر ہالیڈے ان ،اسلام آباد میں منعقد ہو گی ۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف ، محمد عمران خان چیئرمین تحریک انصاف ، سینیٹر راجہ ظفر الحق، مولانا فضل الرحمن ، مولانا سمیع الحق، مولانا عبدالغفورحیدری، سید خورشید احمد شاہ ، بلاول بھٹو زرداری،پروفیسر حافظ محمد سعید ، چوہدری شجاعت حسین ، اسفند یار خان ولی ، حافظ ابتسام الٰہی ظہیر ، شیخ رشید احمد ، حافظ عاکف سعید ، محمد اعجاز الحق ، پیر صبغت اللہ راشدی ، ضیاءاللہ شاہ بخاری ،محمود خان اچکزئی ، سردار اختر مینگل ، ڈاکٹر طاہر القادری ، سینیٹر پروفیسر ساجد میر ، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر ، محمد ا حمد لدھیانوی ، رسول بخش پلیجو ، ڈاکٹر قادر مگسی ، آفتاب محمد خان شیرپاؤ ، صاحبزادہ پیر عبدالرحیم نقشبندی سمیت ملک بھر کے دینی و سیاسی اور کشمیری رہنماؤں کو کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ جاری کردیا گیاہے۔