• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیشگی شرائط کے ساتھ ملاقات نہیں کرائی جاسکتی ہے، طلال چوہدری


حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پیشگی شرائط کے ساتھ ملاقات نہیں کرائی جاسکتی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات نہ ہونے کی ذمے دار خود پی ٹی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیشگی شرائط کے ساتھ ملاقات نہیں کرائی جاسکتی، ملاقات جیل مینوئل کے مطابق ہی ہوگی۔

ن لیگی سینیٹر نے مزید کہا کہ مذاکرات میں ڈیڈ لاک بانی پی ٹی آئی کی ذات اور ان کے کیسز سے متعلق ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی رہائی چاہتے ہیں، پی ٹی آئی والے ڈرتے ہیں کہ لکھ کردیا تو پھنس جائیں گے، پی ٹی آئی قیادت مذاکرات کی آڑ میں آفر ملنے کا جھوٹا بیانیہ بنا رہی ہے۔

طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ قیدی سے ملاقات جیل مینوئل کے مطابق ہی ہوگی، یہ چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں ان کی مرضی والا ماحول ہو۔

انہوں نے کہا کہ یہ اپنی شرائط پر ملاقات چاہتے ہیں یہ شاید حکومت کے لیے ممکن نہیں، مذاکرات میں ان کا مرکزی نکتہ ہی یہ ہے کہ معافی مل جائے۔

ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ اب اس لیے مذاکرات کررہے ہیں کہ ان کے سارے کارڈز فلاپ ہوگئے، سارے کارڈز کی ناکامی پر اب ان کے پاس اور کوئی چیز نہیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ یہ اب فارم 45 اور 47 کی بحث ختم کرچکے ہیں یہ حکومت کو تسلیم کرچکے، یہ تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ حکومت یا اسٹیبلشمنٹ ڈیل کرنا چاہ رہی ہے، حکومت کی طرف سے کوئی آفر یا ڈیل نہیں۔

پروگرام میں ایڈیٹر انویسٹی گیشن دی نیوز انصار عباسی نے حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کے آگے بڑھنے یا نہ بڑھنے کے امکانات پر گفتگو کی۔

قومی خبریں سے مزید