میرپور(نمائندہ جنگ ) وزیر اعظم آزادکشمیر و صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آزادکشمیر کے انتخابات میں گلگت بلتستان کی تاریخ دہرائی ہے ہر انتخابی حلقہ میں تیس تیس کروڑ روپے خرچ کر کے عوام کی رائے کو خریدا گیا اور سائنٹفک طریقے سے دھا ندلی کرکے نتائج حاصل کیے گے ہم انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہیں ۔24 جولائی تین بجے تمام پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر کے اجلاس میں مشاورت سے لائحہ عمل مرتب کریں گے اس حوالے سے پارٹی لیڈر شپ سے راہنمائی حاصل کریں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار ایسی پرکٹس کی گی ہے جس سے ریاستی تشخص پامال ہوا ۔وزیر اعظم نے کہا یہ کیسی جمہوریت ہے جس نے آمریت سے بڑھ کر دھاندلی کی مثال قائم کی ۔عوام کے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر یہا ں کشمیر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے مشیر حکومت شوکت راجہ اور پیپلز پارٹی کی ڈویژنل صدر رقیہ خانم بھی موجود تھی ۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ ان انتخابات میں تاریخ کی بد ترین دھاندلی کی گی اور پری پول ریننگ کو عملی جامع پہنایا گیا ۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ میرے حلقہ انتخاب میں مجھے ہرانے کے لیے 26 کروڑ روپے تقسیم کیے گے لیکن مجھے حلقہ کے عوام نے پھر بھی کامیاب کیا جس کا میں شکر گزار ہوں انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طر ف سے آزادکشمیر میں راتوں رات اربوں روپے تقسیم کر کے نتائج تبدیل کیے گے ۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم ان انتخابی نتائج کے خلاف دھرنا نہیں دیں گے مگر سچ بات کرنے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا اور ہمیں ڈریا دھمکایا نہیں جا سکتا ۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہم پارٹی پرچم کو سربلند رکھیں گے اور پارٹی لیڈر شپ اس حوالے سے جو بھی فیصلہ کرے گی اس پر لیبک کہیں گے ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے انتخابات میںجو دھاندلی کی وہ اسے ہضم نہیں ہو سکے گی ۔