• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگنا رناوت کی پریانکا گاندھی کو فلم ’ایمرجنسی‘ دیکھنے کی دعوت

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے سیاسی جماعت کانگریس کی رہنما پریانکا گاندھی کو اپنی آنے والی فلم ’ایمرجنسی‘ دیکھنے کی دعوت دے دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 38 سالہ کنگنا رناوت ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’ایمرجنسی‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں جو کہ 17 جنوری کو ریلیز ہو رہی ہے۔

کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ انہوں نے پریانکا گاندھی کو فلم دیکھنے کے لیے دعوت نامہ دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ فلم 1975ء سے 1977ء کے 21 ماہ کے عرصے پر بنائی گئی ہے جب سابق وزیرِ اعظم اندرا گاندھی نے اندرونی اور بیرونی خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے بھارت بھر میں ہنگامی حالات کا اعلان کیا تھا۔

اس فلم میں اندرا گاندھی کا کردار کنگنا رناوت ادا کر رہی ہیں۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کنگنا رناوت نے کہا کہ میری پریانکا گاندھی سے پارلیمنٹ میں ملاقات ہوئی تھی اور اس وقت جو پہلی بات میں نے ان سے کہی وہ یہ تھی کہ آپ کو فلم ایمرجنسی دیکھنی چاہیے۔

کنگنا رناوت نے کہا کہ میری بات پر پریانکا گاندھی نے بہت ہی اچھے اور نرم انداز میں کہا ہاں ہو سکتا ہے میں دیکھوں۔

اداکارہ نے کہا کہ تو دیکھتے ہیں کہ وہ فلم دیکھنا چاہیں گی یا نہیں، میرے خیال میں یہ فلم ایک واقعے اور ایک شخصیت کی بہت ہی حساس اور سمجھدار تصویر کشی ہے۔

کنگنا رناوت نے یہ بھی کہا کہ میں نے اندرا گاندھی کے حوالے سے کافی ریسرچ کی اور اس بارے میں بہت مواد موجود ہے، وہ بہت اچھی لیڈر تھیں، 3 بار وزیرِاعظم بننا کوئی مذاق نہیں، ہر ایک کو یہ فلم دیکھنی چاہیے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید