کرائسٹ چرچ(نیوز ڈیسک)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی مارٹن گپٹل نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔عالمی میڈیا کے مطابق مارٹن گپٹل نے گزشتہ روز اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے اپنے ساتھیوں اور چاہنے والوں کو حیران کردیا ،اعلان کے وقت وہ جذباتی ہوئے اور آنکھوں سے آنسو بھی چھلک پڑے۔مارٹن گپٹل کا شمار ٹی 20فارمیٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتاہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ون ڈے اور ٹیسٹ میں بھی اپنی صلاحیتوں کی دھاگ بٹھائی ،انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایک چھوٹے بچے کے طور پر یہ ہمیشہ میرا خواب تھا کہ میں نیوزی لینڈ کیلئے کھیلوں، میں اپنے ملک کیلئے 367گیمز کھیلنے پر ناقابل یقین حد تک خوش قسمت اور فخر محسوس کرتا ہوں۔گپٹل نے کہا کہ میں اپنے تمام ساتھی ساتھیوں اور کوچنگ اسٹاف کا بہت بہت شکریہ کہنا چاہتا ہوں، خاص طور پر مارک او ڈونیل جنہوں نے انڈر کے بعد سے میری کوچنگ کی۔ خصوصی شکریہ میرے مینیجر لیان میک گولڈرک کا بھی جانا چاہئے،مارٹن گپٹل نے 350سے زائد انٹرنیشنل میچز کھیلے، جن میں 198ون ڈے، 122ٹی 20اور 47ٹیسٹ شامل ہیں مارٹن ٹی 20میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ہیں اور انہوں نے 122میچز میں 135.70 کے اسٹرائیک ریٹ سے 3531رنز بنائے، گپٹل نے ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اہم کردار ادا کیا انہوں نے 47میچوں میں تین سنچریوں کی مدد سے 2586 رنز بنائے۔