مانٹریال( نیوز ڈیسک)کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے مستعفی ہونے کے بعد ان کے جانشین کے طور پر سب سے مضبوط امیدوار بن کر سامنے والی خاتون انیتا آنند بھارتی نژاد ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا میں نئے وزیراعظم کے چناؤ کا عمل 24مارچ تک مکمل ہوجائے گا جس کے لیے جسٹن ٹروڈو کی وزیرِ نقل و حمل انیتا آنند کے انتخاب کا قوی امکان ہے۔لبرل پارٹی کی سینیئر رکن انیتا آنند ایک تجربہ کار سیاست دان ہیں جو اس سے قبل وزیرِ عوامی خدمات، وزیرِ قومی دفاع اور وزیرِ خزانہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔انیتا آنند نے 1967میں کینیڈا میں مقیم بھارتی نژاد ڈاکٹرز والدین کے گھر میں آنکھ کھولی۔ 1985میں سیاسیات میں ڈگری حاصل کی پھر آکسفورڈ یونیورسٹی سے بیچلر آف آرٹس کیا۔بعد ازاں یونیورسٹی آف ٹورنٹو سے قانون میں بیچلر اور ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کیں۔ انیتا آنند نے 1995 میں جان نولٹن سے شادی کی جو ایک مقامی وکیل اور کاروباری شخصیت ہیں اور دونوں کے 4بچے بھی ہیں۔ انیتا آنند 2019سے پارلیمنٹ کی رکن رہی ہیں اور اس وقت وزیرِ نقل و حمل کے طور پر کام کر رہی ہیں۔وہ ہم جنس پرستوں (ایل جی بی ٹی کیو آئی اے) کے حقوق کی علمبردار ہیں اور کینیڈا میں تنوع کے مثبت نقطہ نظر کی حامی ہیں۔