اسرائیلی وزیرِ اعظم کے وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کی مذمت میں امریکی ایوانِ نمائندگان نے عالمی عدالتِ انصاف (ICC) کے خلاف پابندیوں کا بل منظور کر لیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی ایوانِ نمائندگان نے عالمی عدالتِ انصاف کے خلاف اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو اور سابق وزیرِ دفاع یوو گیلنٹ کے حق میں بل منظور کر لیا۔
ایوانِ زیریں میں بھاری اکثریت کے ساتھ 243 میں سے 140 ارکان نے اس بل کے حق میں ووٹ دیا، بل کا عنوان غیر قانونی عدالتی انسدادِ ایکٹ تھا۔
ایوانِ زیریں میں منظوری کے بعد یہ بل سینٹ سے منظوری کے لیے بھیجا جائے گا، جہاں ریپبلیکن پارٹی کی اکثریت موجود ہے۔
امریکی ایوانِ نمائندگان سے پاس ہونے والے پابندیوں کے بل میں اثاثوں کو منجمد کرنے کے ساتھ ساتھ عدالتی عمل داری کی کوششوں میں مالی یا مادی طور پر تعاون دینے سے انکار بھی شامل ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی ایوانِ نمائندگان سے قانون پاس ہونے کے بعد ہاؤس آف فارن افیئرز کمیٹی کے ریپبلکن چیئر مین برائن جیفری میسٹ نے تقریر میں عالمی عدالت کو کینگرو کورٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کینگرو کورٹ ہمارے عظیم اتحادی مُلک کے وزیرِ اعظم کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
غزہ میں اکتوبر 2023ء سے تا حال شہید ہونے والے 46 ہزار سے زائد فلسطینیوں میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے، اس عمل کو اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے نسل کشی سے جوڑا ہے۔
عرب میڈیا نے خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے اٹھائے گئے اس اقدام سے عالمی سطح پر انسانی حقوق اور انصاف کی حمایت حاصل کرنے کے عمل کو شدید نقصان پہنچے گا۔