اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ڈسٹرکٹ سیشن کورٹس کی آفیشل ویب سائٹ کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق کو ویب سائٹ کے فیچرز سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ ویب سائٹ میں کیسز اور ججمنٹس کی تلاش کے لیے خصوصی فیچرز ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ کورٹس کے تمام عبوری حکم نامے بھی ایک کِلک پر دستیاب ہوں گے، کیسز کی تلاش ایف آئی آر نمبر کے اندراج سے بھی ممکن ہو گی۔
علاوہ ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس میں سینٹرل لائبریری کا افتتاح بھی کیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے ڈسٹرکٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری کوشش رہی ہے کہ آپ جو بھی مسئلہ لے کر آئیں اس کو حل کروں۔
انہوں نے کہا کہ جتنا ہو سکا مسائل حل کروں گا، ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی ویب سائٹ لانچ کر دی گئی ہے جس کا سائلین کو فائدہ ہو گا، اس ویب سائٹ سے اوور سیز درخواست گزاروں کو ریلیف ملے گا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی ویب سائٹ دستیاب تھی مگر ڈسٹرکٹ کورٹس کی نہیں تھی، ایک سال میں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے 1 لاکھ 19 ہزار کیسز نمٹائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے ڈسٹرکٹ جوڈیشری سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے لیے نامزدگیاں کی ہیں، ڈسٹرکٹ جوڈیشری میں جلد تعیناتیاں ہوں گی اور جلد اچھی خبر ملے گی۔