نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک )بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی نے مقبوضہ کشمیر میں فوجی اہمیت کی حامل زیڈموڑسرنگ کا افتتاح کردیا‘ یہ سرنگ کشمیر کو لداخ سے جوڑے گی۔
بھارتی وزیر اعظم نے سخت سکیورٹی میں سون مرگ ٹاؤن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 6.5 کلومیٹر طویل سرنگ کا افتتاح کیا۔ یہ قصبہ وادی کشمیر کے برف پوش پہاڑوں کے اختتام اور لداخ کا علاقہ شروع ہونے سے قبل آتا ہے۔ اس سرنگ کا نام زیڈموڑ ٹنل رکھا گیا ہے۔
یہ سرنگ ہر موسم سرما میں شدید برف باری کے باعث کٹ جانے والے علاقوں تک سارا سال رسائی آسان بنا دے گی۔ 932 ملین ڈالر کے اس منصوبے میں مزید سرنگوں، پلوں اور سڑکوں کا جال بچھانے کا پلان شامل ہے جو کشمیر کو لداخ سے جوڑے گا۔
دوسری سرنگ، جو تقریباً 14 کلومیٹر لمبی تعمیر کی جائے گی زوجیلا درہ کے مشکل راستے کو بائی پاس کرتے ہوئے سون مرگ کو لداخ سے جوڑے گی۔