جنوبی کوریا میں مارشل لاء کے نفاذ کی ناکام کوشش پر معطل صدر یون سک یول کے مواخذے سے متعلق عدالتی ٹرائل آج شروع ہوگا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق معطل صدر یون کے مواخذہ کیس کی پہلی سماعت آج ہوگی، یون کی قانونی ٹیم کے مطابق وہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر آج کی سماعت میں پیش نہیں ہوں گے، اگلی سماعتوں میں پیش ہونے کا فیصلہ صورتحال کو دیکھ کر کیا جائےگا۔
یون سک یول نے بطور صدر 3 دسمبر کو جنوبی کوریا میں مارشل لاء نافذ کیا تھا، اعلان کے محض 3 گھنٹے کے اندر اراکین پارلیمنٹ نے قرارداد پاس کرکے مارشل لاء کو ناکام بنادیا تھا جس کے بعد یون کو عہدے سے معطل کیا گیا تھا، معطل صدر کے اقدام سے جنوبی کوریا اپنی تاریخ کے بدترین سیاسی بحران سے دوچار ہوا۔
معطل صدر کے مواخذے سے متعلق عدالت ٹرائل مجموعی طور پر 5 سماعتوں پر مشتمل ہوگا، حتمی سماعت 4 فروری کو ہوگی۔
استغاثہ کے وکیل کم نم جو کا کہنا ہے کہ کیس کا فوکس مکمل طور پر مارشل لاء کی صورتحال پر ہے، اس قسم کے کیسز میں ملوث افراد کو پہلے بھی سزائیں ہوچکی ہے، کیس میں کوئی پیچیدگی نہیں،حقائق واضح ہیں، فیصلے آنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔