وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سڑکوں کی تعمیر کے لیے وفاق کی جانب سے 4 فیصد رقم مختص کرنے پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔
مراد علی شاہ نے 6 مارچ 2024ء کو شہباز شریف کو خط لکھا کہ حیدرآباد سے سکھر تک موٹروے تعمیر کیا جائے، اس موٹروے کی تعمیر ملک کی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
اُنہوں نے خط میں لکھا کہ حیدرآباد سکھر موٹروے نہ ہونے سے اندرون ملک ٹریفک کی روانی دشوار ہو گئی ہے، یہ بات قابل تشویش ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے سندھ کے لیے 5 فیصد سے بھی کم رقم رکھی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے خط میں مزید لکھا کہ این ایچ اے نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سندھ کے ساتھ ناانصافی کی ہے، پنجاب کے 33 منصوبوں پر 38.65 فیصد، سندھ کے 6 منصوبوں پر 4.34 فیصد رقم مختص کی۔
اُنہوں نے خط میں لکھا کہ کے پی کے 30 منصوبوں کے لیے 17.59فیصد، بلوچستان کے 22 منصوبوں پر 23.87 فیصد رقم رکھی گئی، گلگت کے 4 منصوبوں پر 4.40 فیصد، آزاد کشمیر کے ایک منصوبے پر 0.16 فیصد رقم رکھی گئی۔
مراد علی شاہ نے خط میں مطالبہ کیا کہ حیدرآباد سے سکھر تک ایم 6 موٹروے پر بغیر کسی دیر کے بجٹ رکھا جائے اور این ایچ اے کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ حیدرآباد سکھر ایم 6 موٹروے کا کام شروع کرے۔
اُنہوں نے خط میں یہ بھی لکھا کہ حیدرآباد سکھر موٹروے کے منصوبے کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے۔