• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقہ کے ہاتھوں وائٹ واش ہونے والی قومی کرکٹ ٹیم کیلئے ہوم گراؤنڈ پر ویسٹ انڈیز کے خلاف ملتان میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ اس لحاظ سے یادگار بن گیا ہے کہ پاکستان اسپنرز کے ٹرائیکا ساجد خان،نعمان علی اور ابرار احمد نے تمام 20وکٹیں حاصل کر تے ہوئے پانچ دن کاٹاسک سوادو دن میں پورا کر دیا-کالی آندھی کو 127رنز سے مات دے کر سیر یز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر کے ملتان کا قلعہ ناقابل تسخیر بنا دیا-اس سے ٹیم کا مورال بلند ہوا اور شائقین خوشی سے نہال ہوئے-وزیراعظم شہباز شریف نے اس شاندار جیت پر قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ کامیابیوں کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا-ہوم گراؤنڈ پر چار ماہ میں قومی ٹیم کی مسلسل یہ تیسری فتح تھی جس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں کئی ریکارڈ الٹ پلٹ ہو گئے-یہ پاکستان میں کھیلا جانیوالا سب سے چھوٹا ٹیسٹ میچ بن گیا جو صرف 1064گیندوں پر مکمل ہوا-اس سے قبل 1990ءمیں انہی دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ چاروں اننگز میں 1080گیندوں پر ختم ہوا تھا-ملتان ٹیسٹ میں پاکستانی بولروں نے دونوں اننگز میں صرف 371گیندیں کرائیں-یہ پاکستانی بولروں کی کسی بھی ٹیسٹ میچ میں مختصر ترین میچ وننگ کارکردگی ہے-اس سے پہلے قومی ٹیم نے جیت کیلئے سب سے کم گیندیں بنگلہ دیش کے خلاف کرائی تھیں-بنگلہ دیشی بیٹر صرف 494گیندیں کھیل پائے تھے-حالیہ ٹیسٹ میچ میں دونوں ٹیموں کی بیٹنگ لڑکھڑاتی رہی-ماہرین یہی توقع کر رہے تھے کہ ملتان پچ پر بیٹنگ مجموعے خاصے مختصر رہیں گے اور اسپنرز اپنی بولنگ سے خوب لطف اندوز ہونگے لیکن پہلی ہی گیند سے ایسا شارپ ٹرن کسی کے گمان میں نہ تھا-دوسرا ٹیسٹ میچ جمعہ کو اسی گراؤنڈ میں ہو گا جس میں توقع کی جانی چاہیے کہ قومی ٹیم اپنی اسی کارکردگی کو برقرار رکھے گی-

تازہ ترین