• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صبا فیصل نے گھر کے اصل فسادی کو بے نقاب کر دیا


کبھی ساس بہوؤں کے جھگڑوں، کبھی متنازع بیانات، تو کبھی اپنے فیشن اسٹائل کے سبب سرخیوں میں جگہ بنانے والی معروف پاکستانی سینئر اداکارہ صبا فیصل نے گھر کے اصل فسادی کو بےنقاب کر دیا۔

حالیہ انٹرویو میں اداکارہ نے گھروں میں کام کرنے والے ملازمین کو سب سے بڑا فسادی قرار دیتے ہوئے انہیں گھروں کی تباہی کا ذمے دار ٹھہرا دیا۔

صبا فیصل نے حال ہی میں ساتھی کامیڈین اداکار و میزبان احمد بٹ کو انٹرویو دیا، جہاں انہوں نے مختلف گھریلو معاملات سمیت دیگر امور پر گفتگو کی۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے گھروں کی تباہی کی وجہ پر روشنی ڈالی۔

دورانِ انٹرویو سینئر اداکارہ نے کہا کہ ہمارے گھروں میں سب سے بڑا فسادی گھر میں کام کرنے والی ملازمائیں ہوتی ہیں، ان سے بڑا فسادی ہماری گھریلو زندگی میں اور کوئی نہیں ہے، جو اِدھر کی بات اُدھر اور اُدھر کی اِدھر کرتی ہیں اور سامنے والا ان پر یقین کر لیتا ہے۔

صبا فیصل نے مزید کہا کہ میں نے اپنے گھر میں اصول بنایا ہے کہ کام والی ملازمہ گھر میں کسی سے کوئی بات نہیں کرے گی، صرف اتنا ہی نہیں بلکہ دو ملازمائیں بھی آپس میں بیٹھ کر کوئی بات نہیں کریں گی۔

اداکارہ کے مطابق اگر گھریلو ملازمین مجھ سے اظہارِ ہمدردی کرتے بھی ہیں تو میں ان کی نہیں سنتی، کیوں کہ میرے لیے میرے بچے اور بہوئیں برابر ہیں۔

صبا فیصل نے یہ بھی کہا کہ اصل میں ہم ہی انہیں شہہ دے رہے ہوتے ہیں جبکہ یہی گھر کی تباہی کی ذمے دار ہیں، کیونکہ اگر ہم ان کی باتوں پر یقین کر کے کسی کو کچھ بول دیں تو لڑائیاں ہوتی ہیں اور اگر کچھ کسی سے کچھ کہتے نہیں ہیں تو ہمارے دلوں میں نفرت پنپتی ہے، دونوں صورتوں میں یہ زہر ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید