پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ فائزہ حسن نے جوائنٹ فیملی سسٹم کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
فائزہ حسن نے ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
اُنہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری ذاتی رائے یہ ہے کہ جوائنٹ فیملی سسٹم کی وجہ سے رشتوں میں تیزابیت پیدا ہوتی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ جوائنٹ فیملی سسٹم برِصغیر کی پیداوار ہے اس کی بنیاد ہمارے مذہب اسلام سے نہیں ملتی۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر سب لوگ الگ الگ اپنی زندگی سکون سے گزاریں تو رشتوں کے درمیان کوئی مسئلہ پیدا ہی نہ ہو۔
فائزہ حسن نے کہا کہ بہت سے رشتے مناسب فاصلہ چاہتے ہیں اور جب رشتوں کے درمیان وہ مناسب فاصلہ نہیں رہتا تو رشتوں میں ناچاقی پیدا ہو جاتی ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اب ہمیں اس بات کا خود خیال رکھنا چاہیے کہ ہم ایک دوسرے کہ اتنا قریب نہ ہوں کہ ایک دوسرے کو تباہ کر دیں۔