بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے ریئلٹی شو بگ باس 18 کے فائنل کے موقع پر سیٹ پر آنے کے باوجود ساتھی اداکار اکشے کمار کی عکسبندی نہ ہونے کی وجہ بتادی۔
اکشے کمار اپنی آنے والی فلم ’اسکائی فورس‘ کی پروموشن کےلیے ویر پہاڑیا کے ساتھ شو پر موجود تھے، لیکن شوٹنگ شروع ہونے سے پہلے ہی سیٹ چھوڑ کر روانہ ہوگئے۔
اکشے کمار کے بگ باس 18 کے فائنل کے موقع پر سیٹ چھوڑ کر جانے سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں، تاہم اس پر اب شو کے میزبان سلمان خان کی وضاحت آگئی۔
سلمان خان نے انکشاف کیا، ’اکشے کمار اپنی فلم کی پروموشن کےلیے سیٹ پر موجود تھے لیکن انہیں دوسرے کام کےلیے جانا پڑا کیونکہ مجھے کچھ دیر ہوگئی تھی۔‘
اس سے قبل بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ اکشے کو اپنی ایک اور فلم ’جولی ایل ایل بی 3‘ کی ٹیسٹ اسکریننگ میں شرکت کرنی تھی، جس کی وجہ سے وہ چلے گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ’اکشے اپنی پابندی وقت کےلیے مشہور ہیں۔ وہ شوٹنگ کے لیے شیڈول وقت پر آئے، لیکن سلمان اس وقت تک نہیں پہنچے تھے۔ اکشے نے سلمان کا ایک گھنٹہ انتظار کیا۔ تاہم شیڈول میں جولی ایل ایل بی 3 کی ٹرائل اسکریننگ کے باعث وہ ایک گھنٹہ انتظار کے بعد شوٹنگ کیے بغیر واپس چلے گئے۔‘
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اکشے کو واپس بلانے کےلیے کئی کالز کی گئیں، لیکن وہ نہیں آئے۔