• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر حکمرانوں کی کسی ترجیح میں نظر نہیں آرہا ، سراج الحق

لاہور ( سٹاف رپورٹر، ایجنسیاں) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کے سابقہ اور موجودہ حکمران سنجیدگی کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل کی کوشش کرتے تو اب تک اس کا کوئی نتیجہ ضرور سامنے آتا، کشمیر پاکستان ضرور بنے گا مگرموجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے ایسا ہوتا نظر نہیں آتا،کشمیر حکمرانوں کی کسی ترجیح میں نظر نہیں آرہا ۔گزشتہ 70سال سے کشمیری پاکستان کے ساتھ الحاق اور تکمیل پاکستان کی جدوجہد کررہے ہیں ،کشمیری عوام نے اپنی بے مثال جدوجہد اور لاکھوں جانوں کے نذرانے دیکربھارت کے ماتھے پر ناکامی اور شکست کا نشان لگا دیا ہے ،  اگر پاکستانی حکمران کشمیری عوام کی سرپرستی کرتے تو بھارت کو اس طرح ان کی زندگیوں سے کھیلنے کی جرأت نہ ہوتی ، کشمیر میں جدوجہد آزادی اپنی کامیابی کے قریب ہے ،پاکستان کے 20کروڑ عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور  کشمیرکی آزادی تک ان کے ساتھ رہیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں کارکنان کی تربیتی ورکشاپ کے چوتھے روز خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مودی کے ساتھ ساڑھیوں اور آموں کے تحائف کے تبادلے کرکے حکمران کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قومی دولت لوٹنے والے احتساب سے بچ نہیں سکتے  ،کرپشن کی گنگا میں ہاتھ دھونے والوں کے پاسپورٹ اور جائیدادیں ضبط ہونگی اور انہیں ملک سے فرار کا موقع نہیں دیا جائے گا۔غریبوں کے ٹیکسوں پر پلنے والا یہ سیاسی برہمنوں کا ٹولہ عوام کو شودروں سے زیادہ اہمیت نہیں دیتا۔68سال سے ملکی اقتدار پر ایسے لوگوں کا قبضہ ہے جن کا قبلہ مکہ مکرمہ نہیں واشنگٹن اور نیویارک ہے ۔  دوسری جانب کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج  امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں آزادی مارچ لیاقت باغ مری روڈ فیض آباد سے زیروپوائنٹ اور آبپارہ چوک پہنچے گی۔جماعت اسلامی کی ہم خیال جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد کے مطابق شر کا ء کا آبپارہ کے مقام پر فقید المثال استقبال کر یں گے بعدازاں وہاںسے بھارتی  سفارت خانے کی جانب مارچ کیا جا ئے گا ۔  امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں فرانسیسی سفارتخانے کا دورہ کیا اور فرانسیسی سفیر  مسز مارٹین ڈورنس سے گزشتہ دنوں فرانس میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات میں پرامن شہریوں کے قتل پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ وفد میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی محمد اصغر اور آصف لقمان قاضی بھی شریک تھے۔
تازہ ترین