امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری کے وی وی آئی پی ٹکٹ صرف 2 پاکستانی نژاد امریکیوں کو ملے تاہم سرد موسم کے باعث کئی مہمان شرکت سے محروم رہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی کیپٹل ہل میں ہونے والی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے حوالے سے کئی پاکستانی نژاد امریکی دعویٰ کر رہے تھے کہ انہیں اس تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق وی وی آئی پی ٹکٹ صرف 2 پاکستانی نژاد امریکیوں کو دیے گئے جن کا تعلق ریاست ٹیکساس سے ہے، ان میں آئل بزنس ٹائیکون سید جاوید انور اور معروف بزنس مین طاہر جاوید شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سید جاوید انور کو 2 جبکہ ایک ٹکٹ طاہر جاوید کو دیا گیا تھا۔
سید جاوید انور اپنی طبیعت کی ناسازی کے باعث تقریب میں شرکت نہ کر سکے اور انہوں نے اپنے ٹکٹ اپنے بیٹے اور بہو کو دے دیے تھے جنہوں نے ان کی جگہ تقریب میں شرکت کی۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کے امریکا میں سفیر سعید شیخ بھی اس تقریب میں شریک ہوئے۔
مزید معلوم ہوا ہے کہ شدید سردی کے باعث تقریب کیپٹل ہل کے اندر منعقد کی گئی جہاں پہلے سے صرف سیکشن 3 اور 4 میں موجود اہم شخصیات کو نشستیں فراہم کی گئیں جن میں صرف 2 پاکستانی نژاد امریکی شامل تھے۔
کئی دوسرے پاکستانی نژاد امریکی افراد جن کے پاس دور دراز نشستوں کے ٹکٹ تھے وہ ایونٹ میں تبدیلی کے باعث اس اہم تقریب میں شرکت سے محروم رہے۔
دوسری جانب کئی پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین اب بھی دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہ اس تقریب میں موجود تھے حالانکہ وینیو کی تبدیلی اور خراب موسم کے باعث ان کی خواہش پوری نہ ہوسکی۔