ڈیووس (اے ایف پی) سوئٹزرلینڈ کےشہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم میں ایک انٹرویو میں انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کے سربراہ لوک ٹرائینگل نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ محنت کش طبقے کے سربراہ نہیں ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کے گزشتہ دور حکومت نے ثابت کیا کہ ان پربھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ یہ جانتے ہوئے کہ انہوں نے گزشتہ دور صدارت میں کیا کچھ کیا ، میں ان پر بھروسہ نہیں کرسکتا،وہ محنت کش طبقے کے صدر نہیں تھے۔خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کارکنوں کے حوالے سے اپنے ریکارڈ کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی مہم کے دوران محنت کش طبقے کی آواز بننے کا عزم ظاہر کیا ہے، لیکن عالمی یونینز گروپ کے سربراہ کو یقین نہیں آ رہا۔اتفاق سے ورلڈ اکنامک فورم کا آغاز اسی وقت ہوا جب ٹرمپ نے پیر کو امریکہ کے 47 ویں صدر کا حلف اٹھایا۔ٹرمپ نے 2017 اور 2021 کے درمیان اپنی پہلی مدت کے دوران تجارتی جنگوں کو ہوا دی،اس بار بھی انہوں چین جیسے تجارتی شراکت داروں کے ساتھ ساتھ کینیڈا اور یورپی یونین سمیت واشنگٹن کے مضبوط ترین اتحادیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر نئے محصولات عائد کرنے کا عزم کیا ہے۔