پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما مشال یوسفزئی نے کہا ہے کہ یہ اپنوں اور پرایوں کی ملی بھگت کی سازش ہے۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مشال یوسفزئی نے کہا کہ میں کچھ لوگوں کےلیے تھریٹ بنی ہوئی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرا جیل میں داخلہ روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، یہ اپنوں اور پرایوں کی ملی بھگت کی سازش ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ان کا خیال تھا چپ کرکے بیٹھ جاؤں گی، ان کو پتہ نہیں تھا کہ مزاحمت کروں گی، ڈیڑھ سال میں میری وجہ سے 3 مرتبہ سماعت روکی گئی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مسرت جمشید چیمہ کو ترجمان نہیں بنایا گیا، وہ میڈیا ٹاک میں میرے ساتھ کھڑی ہوں گی، بشری بی بی کی ترجمان میں تھی، میں ہی رہوں گی۔
صحافی نے استفسار کیا کہ کون آپ کے آگے رکاوٹ کھڑی کر رہا ہے؟ اس پر مشال یوسفزئی نے جواب دیا کہ کچھ پردے رہنے ہی دیں۔
یاد رہے کہ آج اڈیالہ جیل میں انسداد دہشت گردی عدالت کی سماعت کے دوران 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں مشال یوسفزئی کو وکالت نامہ جمع کرانا مہنگا پڑگیا۔