• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جی ایچ کیو حملہ کیس، عجیب و غریب چارج فریم کیا گیا ہے، فیصل چوہدری

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں عجیب و غریب قسم کا چارج فریم کیا گیا ہے۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں مضحکہ خیز قسم کی کارروائی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیس میں عجیب و غریب قسم کا چارج فریم کیا گیا اور کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی ایما اور سازش پر حملہ ہوا۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے مزید کہا کہ جو گواہ ریکارڈ ہوئے، اُن دونوں کے بیان ایک جیسے ہیں، پراسیکیوشن کو ایک خاتون وکیل سے اتنی تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ خاتون وکیل کے معطل لائسنس پر وکالت نامہ کرانے کا معاملہ لیگل کمیٹی دیکھے گی، مشال نے عدالت کو آگاہ کیا کہ لائسنس بحال ہوگیا، مشال بشریٰ بی بی کی ترجمان ہیں۔

فیصل چوہدری نے یہ بھی کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم خدشات کا اظہار کرتے رہے ہیں، ہم قانون کی حکمرانی، آزاد عدلیہ اور میڈیا، انٹرنیٹ کی بحالی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ میں تعطل کے باعث 1 اعشاریہ 70 ارب ڈالر کا آئی ٹی کا نقصان ہوچکا ہے، پاکستانیوں کےلیے بانی پی ٹی آئی ہمیشہ درد دل رکھتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کےخلاف سوشل میڈیا مہم کی سخت مذمت کی ہے۔

وکیل نے بتایا کہ بانی چیئرمین نے کہا سپریم کورٹ میں تعصب کی فضا ہوگی تو نظام انصاف کےلیے فائدہ مند نہیں، انسانی حقوق کی ہماری پٹیشنز عدالت عظمیٰ میں زیرالتوا پڑی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں آئینی بینچ ان پٹیشنز کو فوری طور پر سنے، حکومت کو خدشہ ہے عدلیہ ان پٹیشنز کو سن نہ لے، کل صبح تک پٹیشنز کو جلد سننے کے لیے آئینی بینچ کو خط بھیج دیے جائیں گے۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی نے سعودی جیلوں سے پاکستانیوں کی رہائی پر محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان انسان حقوق اور عدم تشدد کے عالمی معاہدوں پر عمل درآمد کا پابند ہے، ہم آزاد جوڈیشل کمیشن چاہتے ہیں جو 9 مئی واقعات  اور 26 نومبر کے واقعات کو سنے۔

قومی خبریں سے مزید