آسٹریلین اوپن ٹینس میں سربیا کے نوواک جوکووچ کا 11ویں مرتبہ ٹائٹل حاصل کرنے کاخواب چکنا چور ہوگیا۔
وہ ان فٹ ہونے کے سبب ایلگزینڈر زیوریو کے خلاف سیمی فائنل میں پہلا سیٹ ہارنے کے بعد ریٹائر ہوگئے۔
دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن یانک سینر نے بین شلیٹن کو اسٹریٹ سیٹ میں ہرادیا۔
مینز ایونٹ کا فائنل زیوریو اور یانک سینر کے درمیان اتوار کو کھیلا جائے گا۔
نوواک جوکووچ آسٹریلین اوپن ٹینس کا ٹائٹل ریکارڈ 11ویں مرتبہ جیتنے کے خواہشمند تھے لیکن وہ اپنی اس کوشش میں ناکام رہے۔
جوکووچ منگل کو الکاریز کے خلاف کوارٹر فائنل میں انجری کا شکار ہوئے تھے، سیمی فائنل میں اُن کا مقابلہ جرمنی کے الیگزینڈر زیوریو سے تھا، جس کا پہلا سیٹ وہ ٹائی بریکر پر80 منٹ کے مقابلے کے بعد 6- 7 کے اسکور سے ہار گئے، اس مرحلے پر وہ بائیں پاؤں میں شدید تکلیف کے سبب میچ سے ریٹائر ہوگئے۔
جوکووچ کا کہنا تھا کہ پہلے سیٹ کے خاتمے پر وہ پاؤں میں شدید درد محسوس کرنے لگے تھے، جو اُن کی برداشت سے باہر ہوچکا تھا، اسی لیے اُنہوں نے کھیل نہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن اٹلی کے یانک سینر نے امریکا کے بین شیلٹن کو اسٹر یٹ سیٹ میں 7-6، 6- 2 اور6-2 سے ہرادیا۔
ایونٹ کا مینز سنگلز کا فائنل اتوار کو سینر اور زیوریو کے درمیان کھیلا جائے گا، دونوں کھلاڑی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں تین بار مدمقابل آئے ہیں، دو مرتبہ زیوریر نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ایک مرتبہ سینر نے حریف کو زیر کیا۔