سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کے 163 رنز کے بعد پاکستان ٹیم 154 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، اس طرح مشکل وکٹ پر بھی مہمان ٹیم کو 9 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
ملتان میں آج ٹاس جیتنے کے بعد ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم پاکستانی بولرز نے اچھی بولنگ کی اور جلد ہی 2 وکٹیں حاصل کرلیں۔
ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر کاشف علی نے اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی، انہوں نے مکائل لوئیس کو 4 رنز پر کیچ آؤٹ کروایا۔
ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ 9 رنز پر ساجد خان نے حاصل کی۔
بعدازاں پہلے ٹیسٹ کی طرح آج پھر پاکستانی اسپنرز نے ویسٹ انڈیز کے بیٹرز کو جال میں پھنسا لیا۔
ساجد خان اور نعمان علی کی جوڑی نے مل کر اگلی 5 وکٹیں 12 اوورز کے اندر ہی حاصل کرلیں۔
ویسٹ انڈیز کی آٹھویں وکٹ 16.2 اوورز میں 54 رنز پر گری، یہ وکٹ ابرار احمد نے حاصل کی۔
بعدازاں ویسٹ انڈیز کے بیٹرز نے بہت زیادہ سنبھل کر کھیلا اور پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور 95 رنز تک پہنچایا جس کے بعد نعمان علی نے ایک مرتبہ پھر 27.4 اوورز میں ایک اور وکٹ حاصل کی اور میچ میں اپنی پانچویں وکٹ حاصل کی۔
آخری وکٹ کے لیے پاکستانی بولرز کو کافی جدوجہد کرنا پڑی، اس مرتبہ بھی ویسٹ انڈیز کے بیٹرز نے پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور 163 رنز تک پہنچایا جس کے بعد نعمان علی نے آخری وکٹ حاصل کی۔
پہلی اننگ میں مجموعی طور پر ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 41.1 اوورز بیٹنگ کی۔ پاکستان کی جانب سے نعمان علی 6، ساجد خان 2 جبکہ کاشف علی اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی شاندار بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کے 7 بیٹرز ڈبل فیگرز میں بھی نہ جاسکے، ان کھلاڑیوں میں سے 4 بیٹرز صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
بعدازاں پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور محمد ہریرہ نے اننگز کا آغاز کیا تاہم محمد ہریرہ زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 22 رنز پر گری، محمد ہریرہ 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 7 ویں اوور میں 25 رنز پر گری، بابر اعظم صرف 1 رن بنا سکے جس کے بعد اگلے ہی اوور میں کپتان شان مسعود 15 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔
قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ 51 رنز پر گری جہاں کامران غلام 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بعدازاں سعود شکیل اور محمد رضوان نے ٹیم کو سنبھالا اور اچھی پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کا مجموعی اسکور 119 رنز تک پہنچایا جس کے بعد سعود شکیل 32 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی چھٹی اور ساتویں وکٹ 41ویں اوور میں 130 رنز پر گریں۔ محمد رضوان 49 اور نعمان علی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے 163 رنز تک بھی نہ پہنچ سکی اور 154 رنز پر ہی سمٹ گئی۔ مہمان ٹیم کو 9 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
آٹھویں وکٹ 9 رنز بنانے والے سلمان علی آغا، نویں وکٹ 2 رنز بنانے والے ابرار احمد اور دسویں وکٹ کاشف علی کی صورت میں گری۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومیل ویریکین نے 4، گوداکیش موتی نے 3 اور کیمار روچ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ویسٹ انڈیز میچ کے دوسرے دن 9 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرے گی۔
اس ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ بولر خرم شہزاد کی جگہ نوجوان فاسٹ بولر کاشف علی کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
شان مسعود، محمد ہریرہ، بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان آغا، ساجد خان، نعمان علی، کاشف علی اور ابرار احمد۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے جیتا تھا۔