بالی ووڈ کے سپر اسٹار اداکار شاہ رخ خان نے اپنی نئی آنے والے فلم کے ٹائٹل کو دکھاوا قرار دے دیا۔
شاہ رخ خان 2023 میں چار سال کے وقفے کے بعد بڑے پردے پر واپس آئے اور دوبارہ راج کرتے نظر آئے۔
واپسی کے بعد ان کی تین ہٹ فلموں نے مداحوں کو ان کے اگلے منصوبوں کے لیے مزید بےچین کردیا۔ تاہم شاہ رخ نے 2024 میں کسی فلم کی ریلیز نہ کر کے ایک بار پھر وقفہ لیا۔
اب وہ اپنی نئی فلم کنگ میں نظر آئیں گے، جو انہیں پٹھان کے ہدایتکار سدھارتھ آنند کے ساتھ دوبارہ متحد کر رہی ہے۔ دبئی کے گلوبل ولیج میں ایک حالیہ ایونٹ میں شاہ رخ نے اپنی آنے والی فلم کے ٹائٹل پر بات کی۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دبئی میں گلوبل ولیج کے ایک ایونٹ میں شاہ رخ خان نے شرکت کی۔ اسٹیج پر انہوں نے اپنے مشہور گانوں پر پرفارم کیا اور مداحوں کے ساتھ دلچسپ بات چیت بھی کی۔ اسی دوران انہوں نے اپنی آنے والی فلم کنگ کے بارے میں گفتگو کی۔
شاہ رخ نے کہا کہ میں صرف یہاں شوٹنگ نہیں کر رہا بلکہ ممبئی میں بھی شوٹنگ کر رہا ہوں۔ میرے ڈائریکٹر سدھارتھ آنند، جنہوں نے فلم پٹھان بنائی، بہت سخت مزاج ہیں۔ وہ ہمیشہ کہتے ہیں، ’لوگوں کو فلم کے بارے میں مت بتاؤ، جو تم اس میں کر رہے ہو۔‘
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے شاہ رخ کا کہنا تھا کہ اس لیے میں زیادہ نہیں بتا سکتا لیکن میں وعدہ کرتا ہوں کہ یہ فلم آپ کو بھرپور تفریح فراہم کرے گی اور آپ کو مزہ آئے گا۔
فلم کے عنوان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میں نے بہت سارے عنوانات استعمال کیے ہیں، اب ہمارے پاس ٹائٹلز ختم ہوگئے ہیں۔ اب یہ ہے کہ شاہ رخ خان بطور شاہ رخ خان فلم کنگ میں، یہ تھوڑا سا دکھاوا ہے۔
خیال رہے کہ فلم کنگ کو ابتدا میں کہانی نویس سوجوئے گھوش کی ہدایتکاری میں بننا تھا، لیکن گزشتہ سال اعلان کیا گیا کہ شاہ رخ کی فلم پٹھان کے ڈائریکٹر سدھارتھ آنند اب اس فلم کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
شاہ رخ گزشتہ سال سے فلم کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق فلم میں ان کی بیٹی سہانا خان اور ابھیشیک بچن بھی شامل ہیں۔ تاہم ابھی تک فلم کی کاسٹ یا ریلیز کی تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔