• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متعدد نامور ڈائریکٹرز نے مجھے غیر اخلاقی آفرز کیں: اریج چوہدری


اداکارہ اریج چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں پہلے آڈیشن سے لے کر آج تک متعدد بار غیر اخلاقی آفرز موصول ہو چکی ہیں۔

پاکستان انڈسٹری کی ابھرتی اداکارہ اریج چوہدری نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیا ہے جس میں انہوں نے اپنی نجی، پیشہ ورانہ، محبت اور مس پاکستان بننے کے سفر سے متعلق بات کی۔

مشہور ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ کی اداکارہ نے انکشاف کیا ہے کہ پہلے آڈیشن پر ہی ڈائریکٹر نے کہہ دیا تھا کہ مجھے بہت ساری ماڈلز نے گرین سگنل دیا ہے، آپ نے گرین سگنل نہیں دیا، آپ کو کام کے لیے کیسے منتخب کر لوں؟

اداکارہ نے دعویٰ کیا ہے کہ مجھے کچھ روز قبل ہی ایک نامور ڈائریکٹر نے میسیج کیا تھا کہ ایک بار صرف مِل لیں، آپ کو 3 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے پہلی تشہیر سے 20 ہزار روپے کمائے تھے۔

دیگر موضوعات پر بات کرتے ہوئے اریج چوہدری نے کہا کہ کراچی شہر دوسرے شہروں کے مقابلے میں بہت مہنگا ہے، کراچی میں کسی اچھی جگہ رہنا بھی بہت مشکل اور مہنگا پڑ جاتا ہے، میں اپنی شخصیت، بیوٹی اور رہن سہن پر ماہانہ 5 لاکھ روپے تک خرچ کر دیتی ہوں۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ اداکاری کے شعبے سے آپ جتنا کماتے ہیں اس سے کہیں زیادہ آپ کا اپنی ذات پر خرچہ ہو جاتا ہے۔

انٹرویو کے دوران اریج چوہدری نے انکشاف کیا کہ نامور اداکار حمزہ علی عباسی کی والدہ میرے والد کی رشتے دار ہیں مگر میں نے آج تک اداکار سے کبھی کوئی فائدہ  نہیں لیا ہے۔

اداکارہ اریج چوہدری نے انٹرویو کے دوران شوبز انڈسٹری میں غیر اخلاقی مطالبات، ماڈلز کے استحصال اور کام کے بدلے فیور مانگنے کے کلچر پر بھی کھل کر بات کی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید