نامور اداکارہ و سپر ماڈل نادیہ حسین نے پاکستان شوبز انڈسٹری میں کھلے عام لڑکیوں کو ہونے والی غیر اخلاقی آفرز سے متعلق انکشاف کیا ہے۔
دو دہائیوں سے فیشن انڈسٹری کا حصہ رہنے والی اداکارہ نادیہ حسین نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں انٹرویو کے دوران انڈسٹری کے تاریک پہلو سے متعلق بات کی ہے۔
اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا ہے کہ انڈسٹری میں اس وقت ’گِو اینڈ ٹیک‘ کی اصطلاح بہت عام ہے، کام دینے کے بدلے لڑکیوں کا استحصال کیا جاتا ہے، لڑکیوں کو کھلے عام آفرز کی جاتی ہیں، ایسے پروجیکٹس میں معاوضہ بھی اچھا دیا جاتا ہے اور ساتھ میں غیر اخلاقی مطالبہ بھی کیا جاتا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ دو سال قبل تک مجھے تک ایسی آفرز آتی رہی ہیں، پروجیکٹ شیئر کرتے ہوئے مجھے بہترین معاوضے سے متعلق بتایا گیا تھا، بظاہر سب ٹھیک تھا مگر آخر میں انہوں نے کہا کہ آپ کو ’اسپیشل ڈِنر‘ بھی کرنا پڑے گا۔
نادیہ حسین کا کہنا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں کام کے بدلے غیر اخلاقی مطالبات ہر دور میں کیے جاتے رہے ہیں مگر اب یہ کافی عام ہو گیا ہے۔
اداکارہ نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ میں ایسی ماڈلز کو جانتی ہوں جنہوں نے ایسی آفرز کو قبول کیا، یہ ان کی مرضی ہے، میں کسی کو برا نہیں کہتی، مگر میری اپنی کچھ حدود ہیں۔