بے داغ اور چمکدار جلد کا حصول ہر دوسری خاتون کا خواب ہے، میک اپ کے ذریعے یہ خواب وقتی طور پر حقیقت کا روپ بھی دھار لیتا ہے لیکن اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ ہر عورت جِلد کو فطری طور پر اچھی اور خوبصورت بنانے کی خواہاں ہوتی ہے۔
بلاشبہ فطری خوبصورتی کا کوئی مقابلہ نہیں، درج ذیل باتوں پر عمل کر کے فطری طور پر ایک چمکدار، بے داغ اور خوبصورت جِلد کا حصول ممکن ہو سکتا ہے۔
کوئی بھی بیوٹی پراڈکٹ استعمال کرنے سے پہلے سب سے اہم بات جو آپ کو معلوم ہونی چاہیے وہ چہرے کی جِلد اور ساخت کا اندازہ لگانا ہے کہ آپ کی جِلد خشک، حساس، آئلی یا پھر ان سب کا کمبی نیشن ہے؟ تاکہ جِلد کی ساخت کے مطابق اسی قسم کے میک اَپ کو ترجیح دی جا سکے ورنہ ایک مصنوعی قسم کا تاثر ابھرتا ہے اور جِلد انفیکشن کا شکار بھی ہو سکتی ہے، متضاد میک اَپ یا بیوٹی پراڈکٹس کا استعمال جِلد کی خرابی کا باعث بنتا ہے۔
کون سی پراڈکٹس کا انتخاب کرنا ہے یا جِلد کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کیا کرنا ہے، اسی صورت میں آپ کی محنت نتیجہ خیز رہے گی، جب آپ کو اپنی اسکن ٹائپ کا علم ہو گا، مثلاً اگر آپ کی جِلد آئلی ہے تو ایسی جِلد پر آئل بیسڈ موئسچرائزر سود مند ثابت نہیں ہو گا، تاہم خشک جِلد پر ان کا اثر سب سے بہترین دیکھا جاتا ہے۔
خشک جِلد پر میک اَپ کے لیے پہلے جِلد کو نمی فراہم کرنا بے حد ضروری ہوتا ہے تاکہ میک اَپ متوازن نظر آئے۔
جِلد کو نم نہ کرنے کی صورت میں چہرے پر دھبے پڑ جاتے ہیں، اگر آپ کی جِلد بے حد خشک ہے تو آپ نمی کے ساتھ ساتھ میک اَپ میں آئلی بیس یا فاؤنڈیشن کا استعمال کریں۔
حساس جِلد رکھنے والی خواتین میک اَپ کے معاملے میں احتیاط برتیں، چکنے فاؤنڈیشن کو بالکل استعمال نہ کریں جبکہ خشک فاؤنڈیشن یا خشک بیس کا استعمال حساس جِلد کے لیے مناسب رہتا ہے۔
جب ایک بار آپ اپنی جِلد کی ٹائپ کے بارے میں جان لیں گی، تو اس کے بعد ہی آپ اپنی جِلد کے لیے درست پراڈکٹس کا انتخاب کر پائیں گی۔
آپ کو اس بات پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے کہ آپ کی جِلد کو ہر موسم کے حساب سے مختلف پراڈکٹس کی ضرورت ہوتی ہے۔
گرمیوں کے موسم میں آپ کی جِلد کو الگ طرح کے پراڈکٹس کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ سردیوں کے موسم میں آپ کی جِلد کو کچھ اور طرح کی پراڈکٹس کی ضرورت پڑے گی۔
اگر آپ کی جِلد حساس نہیں ہے تو آپ کو ہر موسم کے حساب سے مختلف پراڈکٹس کا استعمال کرنا چاہیے اور اس سلسلے میں تجربات کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
اچھی جِلد کے لیے کلینزنگ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔
کلینزنگ جِلد کی حفاظت کا ایک اہم حصہ ہے کیونکہ اس سے گرد و غبار اور میک اَپ کی صفائی آسانی سے ہوتی ہے۔
اس طرح جِلد کو بہتر انداز میں آکسیجن حاصل ہوتی ہے اور جِلد کی نمی برقرار رہتی ہے۔
جِلد کے لیے کلینزنگ ایک ایسا عمل ہے جو آپ کو ہمیشہ اور باقاعدگی سے کرنا چاہیے۔
یاد رکھیں آپ کو روزانہ دو بار اپنی جِلد کی کلینزنگ ضرور کرنی چاہیے، کلینزنگ سے آپ کی جِلد مٹی، میل، کالک اور ہر طرح کی آلودگی سے صاف ہو جاتی ہے۔
اگر آپ کلینزنگ نہیں کریں گی تو جِلد پر بلیک ہیڈز، دانے اور ایکنی نکل آئیں گے، اس طرح آپ کا بے داغ جِلد حاصل کرنے کا خواب پورا نہیں ہو پائے گا۔
صبح اور رات میں کلینزر کا استعمال آپ کی روز مرہ کی عادت میں شامل ہونا چاہیے۔
جِلد کی کلینزنگ کے مرحلے کا آخری حصہ جِلد کی ٹوننگ کرنا ہوتا ہے، ٹوننگ 2 طرح سے کام کی جاتی ہے۔
پہلا یہ کہ جو مسام کی صفائی کلینزنگ سے رہ جاتی ہے، ٹوننگ ان کی صفائی کا بھی کام کرتی ہے، اس کے علاوہ کلینزنگ کے جو ذرات جِلد میں رہ جاتے ہیں، ان کی بھی ٹوننگ کے ذریعے صفائی ہوجاتی ہے۔
ٹوننگ سے آپ کی جِلد کی pH سطح بحال ہو جاتی ہے، جب pH سطح بحال ہو جائے گی تو پھر آپ کی جِلد پر ریشے پیدا نہیں ہوں گے۔
اپنی جِلد کو کبھی خشک نہ ہونے دیں، اپنی جِلد کو کم از کم اس حد تک ہر وقت موئسچرائز رکھیں کہ جِلد ڈی ہائیڈریشن محسوس نہ کرے۔
اس لیے اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ اپنی جِلد کی ٹائپ کے مطابق موئسچرائزر استعمال کر رہی ہیں، تاکہ آپ کی جِلد صحت مند رہے۔
موئسچرائزنگ کو کبھی نہ چھوڑیں کیونکہ یہ آپ کی جِلد کو تروتازہ اور بحال رکھنے میں معاون رہتی ہے۔
پانی کی کمی جِلد کو بھی متاثر کرتی ہے، پانی کی کمی کی وجہ سے جِلد خشک اور بد رنگ ہو جاتی ہے، دن بھر میں پانی کی زیادہ مقدار پی کر اپنی جِلد کو نرم، ملائم اور تر و تازہ رکھ سکتے ہیں۔