پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر چوہدری ظفر انور نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ زیادتیاں ہو رہی ہیں، ان کی رہائی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
برطانیہ کے دورے پر آئے ہوئے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر چوہدری ظفر انور اور پی ٹی آئی کوٹلی ضلع کے صدر ملک نثار کے اعزاز میں پی ٹی آئی لوٹن نے مقامی ریسٹورنٹ میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا، جہاں چوہدری شکیل رفیق تھوتھالوی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر چوہدری ظفر نے کہا کہ بیرون ملک کشمیری اور پاکستانی ہمارے سفیر ہیں جو پاکستان میں عمران خان کی رہائی کےلیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کشمیر ی عوام کے غیر مشروط حق خودارادیت کی وکالت کرتے ہوئے واضح کر دیا تھا کہ کشمیر ی عوام اپنے آزادانہ مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق رکھتے ہیں اور یہ کہ مسئلہ کشمیر حل ہو کر رہے گا، کشمیری عوام کا مستقبل روشن اور تابناک ہے۔
اس موقع پر ذلفی بخاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی باعزت رہائی کےلیے متحد ہے۔
معزز مہمان ملک نثار نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کےلیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر یاسین رحمان نے کہا کہ عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ بنانا چاہتے ہیں۔
دیگر اظہار خیال کرنے والوں میں وٹفورڈ کمیونٹی لیڈر حاجی محمد منیر خان، حافظ طارق محمود، ملک واجد حسین راجپوت، محترمہ گل ناز خالد پرویز ، راجہ شوکت شامل تھے۔