غزہ جنگ بندی میں یرغمالیوں کی رہائی کے تیسرے مرحلے میں آج حماس نے مزید ایک اور اسرائیلی خاتون فوجی کو رہا کر دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی خاتون فوجی اگم برگر کو جبالیہ میں حماس کے شہید رہنما یحییٰ سنوار کے گھر کے قریب سے رہا کیا۔
رہا کی جانے والی خاتون کو فلاحی تنظیم ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا جو انہیں اسرائیلی حکام تک لے گئی۔
کچھ دیر بعد اسرائیلی فوج نے بھی اگم برگر کے اسرائیل پہنچنے کی تصدیق کر دی۔
واضح رہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدےکے تحت آج 110 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بدلے میں 8 یرغمالیوں کو رہا کیا جانا ہے۔