کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ غزہ کے مسلمان اس وقت تاریخ کی بدترین تباہ کاری کا شکار ہیں، ظالم وجابر طاغوتی قوتیں غزہ کے عوام تک امداد بھی پہنچنے نہیں دے رہیں ، غزہ کشکول مہم جس کا مقصد اپنے مسلمان بھائیوں کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت کوشش کرکے کچھ امداد اکٹھی کرنا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بولٹن مارکیٹ ٹاور پر غزہ کشکول مہم میں لگائے گئے کیمپ پر خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر تاجر رہنما ودیگر بھی موجود تھے، شاداب رضا نقشبندی کا مزید کہنا تھا کہ غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی امداد کیلئے ہم دکانوں پر جائینگے اور فنڈز جمع کرینگے، کشکول غزہ کے تباہ حال مسلمانوں نے نہیں اٹھایا بلکہ ان کے دردمیں شامل ہم مسلمان بھائیوں نے اٹھایا ہے،ان کی مدد کرنا ہمارا فرض اور ذمہ داری ہے ،اس موقع پر تاجر رہنما کاشف صابرانی،احمد شمسی ودیگر تاجر رہنماؤں نے پاکستان سنی تحریک کی غزہ کشکول مہم کی بھرپور حمایت کی اور بازاروں،مارکیٹوں میں دکانوں پر جاکر غزہ کے مسلمانوں کیلئے فنڈز جمع کیا،دریں اثنا انہوں نے پنجاب روانگی سے قبل تاجر رہنماؤں سے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے بعد ملاقات کی اور مہم میں حصہ لینے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔